شعبہ اہتمام
مظاہرعلوم کے شعبہ جات میں یہ شعبہ سب سے قدیم ہے،فقیہ العصرحضرت مولانامفتی سعادت علی ؒ پہلے مہتمم تھے پھرجناب قاضی فضل الرحمن سہارن پوریؒ، حضرت مولانااحمدعلی محدث سہارنپوریؒ،حضرت مولاناعنایت الہٰیؒ،حضرت مولاناخلیل احمدمحدث سہارنپوریؒ،حضرت مولاناعبداللطیف پورقاضویؒ،حضرت مولانامحمداسعداللہ رام پوریؒ اورفقیہ الاسلام حضرت مولانامفتی مظفرحسینؒ اپنے اپنے دورمیں عہدۂ اہتمام پرفائزرہے اورحضرت فقیہ الاسلام ؒکے بعد۱۴۲۴ھ کویہ عہدہ حضرت مولانامحمدسعیدی کی طرف منتقل ہوا۔
شروع ہی سے’’ اہتمام وانتظام ‘‘دفترمدرسہ قدیم میں واقع ہے اپنی سادگی کے اعتبارسے قدیم روایتوں پرگامزن ہے۔
ہردورمیں اس شعبہ کو ایک خاص اہمیت اور مرکزیت حاصل رہی ہے ۔
مدرسہ کے تمام شعبہ جات کی نگرانی، مدرسین وملازمین اور طلبہ عزیز کے سلسلے میں ہر نوع کے احکام اور ضروری ہدایات کا اجرا،مسلک ِ مدرسہ کی حفاظت واشاعت وغیرہ اہم بنیادی اموراسی شعبہ سے متعلق ہیں، گویا تمام شعبہ جات کا نظم وانتظام اسی شعبہ کے ذریعہ کیا جاتا ہے اوریہی کلیدی شعبہ ہے۔
